لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عمران خان کی ٹائیگر فورس توغائب ہے لیکن نوازشریف کے شیر گلیوں محلوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں،مشکل کی اس گھڑی میںعوا م کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے مستحق افراد کی بڑھ چڑھ کر مددکریں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور کے صدر پرویز ملک اور
جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پارٹی صدر کو مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کی جانب سے کورونا ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی دی گئی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاک ڈائون سے متاثرہ دیہاڑی دارطبقہ کی ہرممکن مدد کریں، کرونا وائرس کے حوالے سے ریلیف ورک کامقصد اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنا ہے،ارکان اسمبلی و لیگی رہنما عوام کوریلیف دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہروزانہ کی بنیاد پرارکان اسمبلی کی ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا جائے ۔شہبازشریف نے کہا کہ میں خود اس کی نگرانی کررہا ہوں ،حکومت میں نہ ہونے کے باوجود مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹائیگر فورس توغائب ہے لیکن نوازشریف کے شیر گلیوں محلوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔