اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکا نے مشرقی یورپ کے 7 ممالک میں بھاری اسلحہ منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔یورپی ملک ایسٹونیا کے دارالحکومت ٹیلن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع ایش کارٹر نے کہا کہ ایسٹونیا، لتھوانیا، لٹویا بلغاریہ، رومانیہ اور جرمنی میں اتنا اسلحہ ذخیرہ کیا جائے گا جو کسی بھی فوج کی ایک بٹالین کی ضروریات کے لیے کافی ہو۔ اس اسلحے میں 250 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور بھاری توپ خانہ شامل ہے، یہ امریکی اسلحہ اور گاڑیاں تربیت اور فوجی مشقوں میں استعمال کی غرض سے خطے کے دیگرعلاقوں میں بھی منتقل کی جاسکیں گی۔ایش کارٹرکا مزید کہنا تھا کہ امریکہ خطے میں موجود اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے اقدامات ضرورکرے گا۔ اس اقدام کا مقصد بھی اپنے نیٹو اتحادیوں کا عدم تحفظ دورکرنا ہے جو روس اوردیگر دہشت گرد گروہوں سے لاحق خطرات کے باعث خود کو غیرمحفوظ تصورکررہے ہیں۔