اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوٹیوب چینلز کے مالکان کی رجسٹریشن کیلئے پریس انفارمیشن ڈیارٹمنٹ میں ڈیسک فعال کریں گے۔جمعہ کو یہاں معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزیراعظم کی صدارت میں قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں زر مبادلہ کی باہر منتقلی کی روک تھام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس میں میڈیا کو درپیش مسائل کے حل پر بات ہوئی،وزیراعظم نے یو ٹیوب چینل کے حامل صحافیوں سے ملاقات کی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ملاقات میں نوجوانوں کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی سے متعلق امور پر بات ہوئی ،میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو کورونا وائرس کے خلاف محاز میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یوٹیوب چینلز حکومت کے ساتھ مل کر وائرس سے متعلق آگاہی اشتہارات نشر کرسکتے ہیں۔اس امر کی انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یوٹیوب چینلز چلانے والے کورونا وائرس کے بارے میں معلومات اور آگاہی پھیلانے کے لیے پاکستان انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اندراج کرسکتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پہلے سے فعال یوٹیوب چینلز کے مالکان رجسٹریشن کے لیے پی آئی ڈی سے رابطہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد یوٹیوب کے بہتر استعمال سے واقف ہے تاہم انفارمیشن اکیڈی کے ذریعے انہیں بنیادی ٹریننگ بھی دی جائے گی تاکہ وہ اپنے لیے مالی وسائل پید اکرسکیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت یوٹیوب چینلز کے مالکان وزارت اطلاعات سے منظوری حاصل کرسکتے ہیں اور وائر سے متاثر ہونے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے افراد مشکل وقت میں آمدنی حاصل کرسکیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوٹیوب سے متعلق لائن آف ایکشن یا ایس او پیز تیار کریں گے اور یوٹیوب چینلز کو رجسٹرڈ کرکے ان کے مالکان کو میرٹ کی بنیاد پر پی آئی ڈی میں اندراج کرکے کارڈ جاری کریں گے۔معاون خصوصی نے بتایا کہ نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختصر نوعیت کی ٹریینگ کے ذریعے ان کی صلاحیت کو نکھارا جا سکتا ہے جس سے وہ اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرسکتے ہیں۔