اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی پریس کلب سے خواتین ڈاکٹرز عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں ڈاکٹرصفیہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن جن دنوں سخت تھا تو کرونا کے کیسز قابو میں تھے، جیسے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران احتیاط کی ہدایات دیتے ہوئے ڈاکٹر نصرت روپڑیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو کچھ ہوا تو کون کورونا کے مریض سنبھالے گا؟
انہوں نے کہا کہ اپنی جان کی تو پروا نہیں لیکن اپنی فیملی کی تو سب کو پروا ہوتی ہے، یہ نہ سمجھیں ڈاکٹر جان چھڑانا چاہ رہے ہیں، تاجر حضرات تھوڑا سا نقصان برداشت کرلیں، منافع بھول جائیں۔ڈاکٹرز نے کہا کہ جیسے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی کورونا کیسوں کی شرح میں اضافہ ہوگیا، حکومت لاک ڈاؤن کو مزید سخت اور مؤثر بنائے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی ڈاکٹروں نے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے اور حقیقی لاک ڈاؤن کے نفاذ کی اپیل کی ہے۔