اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی گئی۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں کوآرڈینیشن کمیٹی کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے رمضان کا مہینہ فیصلہ کن ہوگا، اگر ہدایات پر عملدرآمد کریں گے تو معمولات زندگی جلد شروع ہو سکتے ہیں، اگر ہم نے بے احتیاطی کی تو ہو سکتا ہے کہ عید پر ہمیں مزید بندشیں لگانی پڑ جائے۔اسد عمر نے کہا کہ صوبائی حکومتیں لاک ڈاؤن کے حوالے سے اپنے صوبوں میں صورتحال کے مطابق فیصلے کریں گی، مئی میں وائرس پر قابو پالیا تو عید پر صورتحال مختلف ہوگی۔اسد عمر نے بتایاکہ اجلاس میں صوبوں نے بھی اپنی تجاویز دیں، اور فیصلہ کیا گیا کہ رمضان میں سحر اور افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال 9 مئی 15 رمضان المبارک تک برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلوں پر عمل درآمد صوبوں کے ذریعے ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت کی جانب سے اب تک57 لاکھ خاندانوں میں 69 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، اور احساس ایمرجنسی ریلیف پروگرام رمضان میں بھی جاری رہے گا، پاک فوج سول انتظامیہ کی بھرپورمدد کررہی ہے۔