اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں پتا ہے جو مرضی کر لیں لوگوں نے رمضان المبارک میں نماز کے لیے مساجد میں جانا ہے۔ جمعرات کو احساس ٹیلی تھون پروگرام کے دور ان ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پتا ہے جو مرضی کر لیں لوگوں نے رمضان المبارک میں نماز کے لیے مساجد میں جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پورا لاک ڈاؤن بھی کر دیں تو یہ کورونا وائرس رک نہیں سکتا، ہمیں اس کے ساتھ رہنا پڑیگا، اس نے پھیلنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب فیصلے ایلیٹ کلاس کے لیے کریں گے تو غلطیاں کریں گے، یہ ایسا وائرس ہے جوکسی میں فرق نہیں کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ ستر سال سے ایلیٹ کلاس کے لیے فیصلے ہوتے ہیں، نچلے طبقے کی فکر نہیں کی جاتی۔انہوں نے بتایا کہ علمائے کرام نے ہمیں گارنٹی دی ہے، ان کا مطالبہ تھا کہ کنسٹریکشن انڈسٹری کو ایس اوپیز دیئے جا سکتے ہیں تو مساجد کو کیوں نہیں؟ تاہم اگر مساجد میں 20 نکات کی خلاف ورزی ہوئی تو پھر ان کو بند کر دیں گے۔