اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کرونا وائرس پوری دنیا میں خوف کی علامت بن چکا ہے لوگ ڈر کے مارے گھروں میں بند ہیں ۔ روزانہ کرونا وائرس سے کوئی نہ کوئی نئی تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ تاہم اس حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا باہر سے لائی گئی سبزیاں ، پھل ، پیک فوڈ کی پیکنگ سے بھی کرونا وائرس پھیلنےکا خدشہ ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت کا
کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کسی کھانے کی چیز میں موجود بھی ہوگا تو کھانا پکاتے دوران یہ وائرس مر جاتا ہے۔جبکہ برطانیہ کے این ایچ ایس کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ باہر سے سامان لانے کے بعد سب سے پہلے ضروری ہے کہ آپ اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دیر تک صابن سے دھوئیں جب کہ پھل اور سبزی کی خریداری کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ براہ راست اسے ہاتھ نہ لگائیں اور ان چیزوں کا چھلکا اتار کر استعمال کریں۔اس ضمن میں سپر مارکیٹس اور دیگر کھانے پینے کے کاروباری افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی لباس، دستانے اور حفظان صحت کا سختی سے خیال رکھیں۔ماہرین کے مطابق باہر سے کوئی چیز خریدیں تو کوشش کریں کہ اپنے ہاتھوں کو چہرے پر لگانے سے مکمل گریز کریں اور گھر آکر اسے صاف کرنا بہتر ہے ۔