اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے نے بیرون ملک پاکستانیوں کی کورونا سے اموات پر اظہار افسوس اورلواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے اور کام کرنے والے لاتعداد پاکستانیوں کی کرونا کے باعث اموات کی اطلاع پر میں بیحد رنجیدہ ہوں،
رب کریم سے کورونا وائرس میں مبتلا اپنے ہم وطنوں کی جلد شفایابی کیلئے دعاگوہوں۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے اور کام کرنے والے لاتعداد پاکستانیوں کی کرونا کے باعث اموات کی اطلاع پر میں بیحد رنجیدہ ہوں۔ بہت سے پاکستانی تو وبا کیخلاف عالمی جنگ کے دوران اگلے مورچوں پر لڑتے لڑتے موت کی آغوش میں چلے گئے، میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔عمران خان نے کہا کہ میں رب کریم سے کورونا وائرس میں مبتلا اپنے ہم وطنوں کی جلد شفایابی کیلئے دعاگوہوں، آپ سب ہماری دعاؤں کاحصہ ہیں، ہم آپ کوکبھی فراموش نہیں کرسکتے کہ ارضِ پاک سے کہیں دورآپ ہمارے فخر کاسامان اور اپنی ترسیلات و عطیات سے پاکستان کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرنے والا ہمارا عظیم ترین اثاثہ ہیں۔