پشاور(نیوز ڈیسک) پشاور پولیس نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔ گزشتہ روز تھانہ کوتوالی کی حدود میں کرونا کیس کی تصدیق کے بعد اندرون شہر جانے والے راستوں کو خاردار تار لگا کر بند کر دیا۔ اسی طرح پولیس، پاک آرمی، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل خصوصی ٹیموں کی تشکیل بھی عمل میں لائی گئی ہے جنہوں نے پشاور کو مختلف سیکٹرز میں تقسیم کرکے کام کا آغاز کر دیا جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کو مزید بہتر
بنانے میں مدد ملی۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ دوسری جانب سے ایس ایس پی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے میں شہری تعاون کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی خاطر تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ اب تک خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار سے زائد افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔