اسلام آباد(آن لائن)ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے شہرِ اقتدار میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مساجد میں نماز کے لیے ضلعی انتظامیہ کے احکامات جاری کردیئے ۔اپنے ایک بیان میں حمزہ شفقات نے کہا کہ شہر میں وباء پھیلی ہوئی ہے اور پہلے سے ہی 25 مریض ہوچکے ہیں،زیادہ تعداد باہر سے آنے والے لوگوں کی ہے لیکن یہاں مقامی سطح پر بھی پھیلاؤ موجود ہے۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ
اسلام آباد میں مساجد میں لوگ اکٹھے ہونے سے وباء کے پھیلنے کا خدشہ ہے،اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ پہلے سے ہی ایک ایڈوائزری جاری کر چکی ہے،علماء حضرات کے لیے پیغام ہے کہ مساجد میں جو ضروری طور پر جو اپنا سٹاف یعنی خدام،موؤزن خطیب یا امام ہیں وہ مساجد میں ہی رہیں،اس کے علاوہ باقی تمام لوگوں سے یہ ہی درخواست ہے کہ اپنے گھروں میں ہی نماز پڑھیں۔ ڈی سی حمزہ شفقات نے کہا کہ شہر میں بارش بھی جاری ہے اور وباء کا بھی خطرہ موجود ہے ،بہتر یہ ہی ہوگا لوگ باہر نہ ہی نکلیں اور مساجد میں جاکر دوسرے لوگوں کو بھی متاثر نہ کریں،مساجد میں جاکر خود متاثر ہوکر اپنی اور بیوی بچوں کی زندگیاں بھی خطرے میں مت ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ 144 کا نفاز ہے بلاجواز باہر گھومنے پر بھی پابندی ہے پولیس کی چیکنگ بھی جاری ہے ،اْمید ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عمل ہوگا اور لوگ گھروں میں ہی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ مساجد کھلی رہیں گی باقی لوگوں سے درخواست سے وہ گھروں میں ہی رہیں جہاں آپ نماز یا ذکر اذکار کر سکتے ہیں۔