لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل عید الفطر کے بعد ملک بھر میں کوچنگ کرکٹ پروگرام شروع کرے گا جس میں کوچز سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کو ان کے شہروں میں تربیت فراہم کریں گے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے بتایا کہ کونسل نے ملک بھر سے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرنے کےلئے 6 ماہ پر مسلسل کرکٹ کوچنگ کورس پروگرام عید الفطر کے بعد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کوچز سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کو ان کے شہروں میں تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ پروگرام 6 ماہ تک ایبٹ آباد ‘ پشاور ‘ اسلام آباد ‘ میر پور ‘ گوجرانوالہ ‘ لاہور ‘ فیصل آباد ‘ شیخوپورہ ‘ ملتان ‘ بہاولپور ‘ حیدر آباد ‘ سندھ اور کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کرکٹ کوچنگ پروگرام سے نہ صرف سینئر کھلاڑیوں کی کھیل میں مزید بہتری اور نکھار آئے گا بلکہ نوجوان کھلاڑی بھی اس سے مستفید ہوں گے۔