اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اشیاء خوردونوش اور دوائیوں کی فراہمی میں کسی صورت رکاوٹ نا ہو، موجودہ صورتحال کے پیش نظر کمزور طبقے کے تحفظ کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی۔ پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت پر ممکنہ اثرات اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا
جس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین، عبدالرزاق دائود، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیکرٹری خزانہ، چیرمین پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی، چیئرپرسن ایف بی آر موجود تھے ۔ ویڈیو لنک پر گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر, وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم خان بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر مجموعی ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ، وبائی صورتحال کے نتیجے میں معیشت پر اثرات اور عوام الناس خصوصا غریب اور کم آمدنی والے طبقوں کو اس صورتحال میں حکومت کی جانب سے ریلیف فراہم کیے جانے کے حوالے سے ممکنہ آپشنز اور تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا ۔وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کمزور طبقے کے تحفظ کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ انتظامی سطح پر ہر ممکنہ اقدام یقینی بنایا جائے گا تاکہ ذخیرہ اندوزی یا صورتحال کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اشیاء خوردونوش اور دوائیوں کی فراہمی میں کسی صورت رکاوٹ نا ہو۔