راولپنڈی (این این آئی) بیرون ملک سے پاکستان آنے والے پاکستانیوں کے لئے کرونا وائرس ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی جمعہ کو حکومتی سطح پر اقدامات کے بعد ایوی ایشن ڈویژن نے ناٹم جاری کردیا ۔ دوروز قبل بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو پرواز سے 24 گھنٹے قبل کروناٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایاکہ فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبا اور سیاحوں کی وطن واپسی میں مشکلات کے پیش نظرکیا گیا
،آئندہ مشتبہ مسافروں کو ایئرپورٹ سے قرنطینہ منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ملک کے 7 بڑے شہروں میں بڑے ہوٹل حاصل کر کے قرنطینہ میں تبدیل کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ہوٹلوں میں اٹیچ باتھ والے کمروں میں صرف مشتبہ مریضوں کو رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد،پشاور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ میں قرنطینہ قائم کیے جائیں گے،ان تمام شہروں میں انٹرنیشنل ایئرپورٹس موجود ہیں۔