راولپنڈی (این این آئی) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے 8 سال قبل دائر ایفیڈرین کیس کا اہم فیصلہ سنا دیا ۔تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے 8 سال قبل دائر ایفیڈرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم خواجہ اسد کو باعزت بری کردیا۔گلوبل فارماسیوٹیکل کمپنی کے مالک خواجہ اسد پر 500 کلو ایفی ڈرین سمگلنگ کا الزام تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سرکاری گواہان منحرف ہوگئے ہیں ، ملزم کے خلاف الزام ثابت نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے اکتوبر 2012 میں خواجہ اسد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا،گزشتہ 8 سال سے یہ مقدمہ زیر سماعت تھا اور اس دوران متعدد جج تبدیل ہوئے ۔اب حال ہی میں تعینات ہونیوالے اے این ایف عدالت کے جج سہیل ناصر نے اس کیس فیصلہ سنایا ۔ملزم نے عدم ثبوت پر بری کرنے کی درخواست دائر کی تھی جو عدالت نے منظور کر لی ۔ اب عدالت میں ایفی ڈرین کے 2 کیس زیر سماعت رہ گئے ہیں۔