اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قربانی اور حب الوطنی کا جذبہ کسی بھی فوج کا خاصہ ہے۔ جو منافقین جنگ بدر کے موقع پر مایوسی پھیلا رہے تھے وہ آج بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر کھاریاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انٹرنیشنل پاکستان آرمی سپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
مقابلوں میں امریکا، برطانیہ، روس سمیت 16 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوئیں، پاک فوج کی 7 ٹیموں اور پاک فضائیہ کی ٹیم سمیت دیگر ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں۔مقابلوں میں جسمانی، ذہنی صلاحیتوں سمیت جنگی حربوں کا مظاہرہ کیا گیا، مقابلوں کا مقصد انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے شرکا کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے کا موقع ملا، مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا چاہئے۔انہوں نے مقابلوں میں حصہ لینے والے غیرملکی شرکا کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی، جسمانی فٹنس جوابی حکمت عملی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ کراچی کور آرمی ٹیم سپرٹ مقابلوں کی فاتح قرار پائی، ملتان کور دوسرے اور راولپنڈی کور تیسرے نمبر پر رہی، ترکی نے انٹرنیشنل ٹیموں میں گولڈ میڈل حاصل کیا، آرمی چیف نے مقابلوں میں شرکت کرنے والے شرکا کو مبارکباد دی۔