تفتان (این این آئی)اسسٹنٹ کمشنر تفتان نجیب اللہ قمبرانی نے تصدیق کی ہے کہ پاک۔ ایران سرحد عارضی طور پر کھول دی گئی ہے جس کے بعد ایران میں پھنسے تقریباً 300 پاکستانیوں کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔نجیب اللہ قمبرانی نے بتایا کہ مذکورہ فیصلے کے تحت ایران میں پھنسے 250 سے 300 پاکستانی ملک میں واپس آسکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ واپس آنے والوں میں زائرین سمیت دیگر پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کے ویزا کی مدت ختم ہونے والی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے اور واپس آنے والوں کو ہر صورت قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔نجیب اللہ قمبرانی نے واضح کیا کہ واپس آنے والے دیگر شہریوں کو تسلی بخش اسکریننگ کے بعد ہی جانے دیا جائے گا۔دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاک ایران سرحد پر پھنسے تقریباً 350 پاکستانیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر ایران کی سرحد پر پانچوں داخلی مقامات تفتان، گوادر، تربت، پنجگور اور واشوک کو عارضی طور پر بند کردیا تھا۔