اسلام آباد(آن لائن) آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان دوسرے اقتصادی جائزے پر معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد 45 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط ملنے کا راستہ ہمورا ہو گیا ہے۔ معاہدے کی منظوری اپریل میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ جمعرات کے روز آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان پروگرام کے لئے معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔ سٹاف لیول معاہدے میں معاشی اصلاحات کی منظوری دی گئی۔
آئی ایم ایف مشن چیف برائے پاکستان ارنسٹو ریگو نے بیان میں کہا ہے کہ پروگرام کے تحت پاکستان کی حکومت معاشی اصلاحات جاری رکھے گی۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں ہونے والے اجلاس میں سٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا جس کے بعد پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جاری کی جائے گی آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان 3 سے 15 فروری تک مذاکرات جاری رہے جس کے بعد قرض کی اگلی قسط جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔