کراچی (این این آئی) سول ایوی ایشن نے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے ہیلتھ ڈیکلیریشن لازمی قرار دیدی ہے جب کہ فارم جمع نہ کروانے والی ائیر لائنز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ملک بھر کے ائیرپورٹس پر کرونا وائرس سے بچا اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اقدامات پر سختی سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ۔
بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم بھروانے کا عمل باقاعدہ شروع کردیا ہے۔ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہونے کے لیے ہیلتھ ڈکلیریشن کا اردو میں فارم تیار کرلیا ہے، اے ٹی سی نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی آگہی کے لیے الگ سے ہدایات جاری کرنا شروع کردیں، جہاز کی لینڈنگ سے پہلے پائلٹ جہازوں میں مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم بھرنے سے متعلق بار بار آگاہ کریں گے۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق اے ٹی سی نے لاہور، اسلام آباد اور پشاور ائیرپورٹس پر اترنے والی پروازوں سے انانسمنٹ کا آغاز کیا ہے جب کہ ہیلتھ ڈیکلریشن فارم جمع نہ کروانے والی ائیرلائنوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے سیکریٹری ایوی ایشن نے تمام ائیرپورٹس مینجرز کو کل احکامات جاری کردیے تھے، مسافروں کو ہیلتھ ڈکلیریشن فارم نہ دینے والی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ترجمان کے مطابق اردو میں جاری کیے گئے فارم میں مسافروں کی آبادیاتی معلومات، سفری تاریخ اور طبی حالت کے متعلق معلومات دینا پڑیں گی، فارم میں پچھلے 14 دن میں چین اور 6 دن میں افریقا یا جنوبی امریکا کے سفر سے متعلق بتانا ہوگا، مسافر کو بخار، کھانسی اور سانس میں تنگی کے بارے بھی فارم میں ڈیکلئیر کرنا ہوگا۔