لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کوضمانت میں توسیع نہ دینے کے پنجاب حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت اور اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا فیصلہ حکمرانوں کی کم ظرفی اور سیاسی انتقام کا ثبوت ہے۔
اسی پنجاب حکومت نے نوازشریف کے بیرون ملک علاج کے لئے ڈاکٹرز کی رپورٹ پر دستخط کئے تھے لیکن اب سیاسی انتقام کی بناپر اپنے ہی فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ جھوٹ قابل مذمت ہے کہ نوازشریف کا علاج یہاں ممکن تھا،حکمرانوں کی کم ظرفی، کم ذہنی اور چھوٹے پن کا احساس تھا اس لئے عدالت گئے تھے ،نوازشریف کے علاج معالجے اور ٹیسٹ سے متعلق تمام رپورٹس طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق جمع کرائی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے فیل ہوجانے والے حکمرانوں کے پاس نوازشریف کی صحت پر سیاست کے سوا اور کچھ نہیں بچا ،ثابت ہوگیا کہ پنجاب حکومت سیاسی انتقام، حسد، بغض، تکبر اور ضد میں اندھی ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاج کسی بھی انسان کا بنیادی انسانی، قانونی حق ہے ،تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کو زندہ رہنے کے حق سے محروم کیاجارہا ہے جس نے پاکستان کوترقی دی ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کو ساتویں جوہری قوت بنایا، ان کے خلاف انتقامی اقدام تاریخ میں سیاہ باب ہے ،نوازشریف کے علاج پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق علاج جاری رکھیں گے ،نوازشریف کے علاج کے اہم مرحلے پر رکاوٹ ڈالنا اقدام قتل کے مترادف ہے۔