اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سب سے بڑی کارروائی سامنے آگئی۔ ایک لاکھ سے زائد چینی کی بوریاں برآمد کرلی گئیں۔نجی ٹی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چینی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن جاری ہے۔ سندھ کے شہر کوٹری میں ہائی ٹیک مل پر اے ڈی سی شوکت علی اجن کی نگرانی میں چھاپہ مارا گیا
اس دوران فیکٹری کے گودام سے چینی کی ایک لاکھ سے زائد ذخیرہ کی گئی بوریاں برآمد ہوئیں۔ہائی ٹیک مل کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر سیل کر دیا گیا، ہائی ٹیک مل کے مالک کا نام حسیب شیخ ولد حبیب شیخ ہے۔ حسیب شیخ خیر پور میرس کا رہائشی اور ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ کا بھانجا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر میلسی میں کالونی چوک پر اسسٹنٹ کمشنر نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی تھی، اس دوران چینی کی ایک ہزار بوریاں اور 5ہزار گھی کے ڈبے ضبط کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے، ذخیرہ اندوز اور ملاوٹ کرنے والے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔