لاہور(این این آئی) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی ہدایت پر فیٹ رینڈرنگ یونٹ کی آڑ میں مضر صحت آئل کوکنگ آئل بیچنے والا یونٹ سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے آلائشوں سے آئل تیار کرنے پرکوٹ عبدالمالک لاہور میں فیٹ رینڈرنگ یونٹ کوسیل کردیا۔ چیکنگ کے دوران3 ہزارکلو جانوروں کی آلائشوں سے تیار مضر صحت آئل، 9 کڑاہے اور جانوروں کی باقیات برآمد کی گئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ آلائشوں سے تیار تیل
کی سپلائی کے ریکارڈ کی عدم مو جودگی پر کارروائی کی گئی۔جانوروں کی باقیات سے تیار گندے تیل کو استعمال شدہ کوکنگ آئل میں شامل کیا جاتا ہے۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ ملاوٹ شدہ کوکنگ آئل کو پیک کر کے فروخت کیا جاتا ہے۔آلائشوں سے نکلا تیل متعدد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ آلائشوں سے نکلے تیل کو صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کی اجازت ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔