جیکب آباد(آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے خلاف میدان میں آگئے، حلیم عادل شیخ گورنر سندھ کو ہٹانے کے لیے سرگرم، معاملات وزیر اعظم تک پہنچ گئے۔
انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان اختلاف پیدا ہوگئے ہیں اور حلیم عادل نے گورنر سندھ کی شکایت وزیر اعظم ہائوس تک پہنچائی ہے جس میں انہوں نے جواز دیا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل سندھ کے لوگوں کے کام نہیں کررہے، ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ گورنر کو ہٹانے کے لیے پارٹی کے اندر اپنا ایک گروپ بنانے کے لیے سرگرم ہوچکے ہیں اور وہ صوبائی اسمبلی کے ممبران اور سندھ کے مختلف اضلاع کے ذمہ داران کو گورنر سندھ کے خلاف اعتماد میں لینے کی کوشش کررہے ہیں، واضح رہے کہ حلیم عادل شیخ کے اس سے قبل سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سے بھی شدید اختلافات ہوئے تھے جسے پارٹی کے رہنمائوں نے سلجھایا تھا اب حلیم عادل شیخ گورنر سندھ کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔