اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیراقتصادی امور حماداظہر نے کہا کہ چیزوں کی قیمتیں بڑھانا حکومتی ناکامی نہیں، مہنگائی کا احساس ہے مگر اس وجہ سے گھبراہٹ نہیں، چند دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی، مہنگائی کی وجہ ہمارے مشکل فیصلے ہیں۔
اگر ہم یہ فیصلے نہ کرتے تو معیشت سمیت حکومت کے بہت سے محکمے دیوالیہ ہو جاتے،یہ فیصلے خوش دلی سے نہیں مجبوری سے کر رہے ہیں،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہیں لیکن کچھ مڈل مین قیمتیں منصوعی طور پر بڑھا رہے ہیں اس کی تحقیقات کر رہے ہیں،آنے والے دنوں میں مہنگائی کا طوفان دم توڑ جائے گا، ہمارے اقدامات عوام کے سامنے آئیں گے، سٹیٹ بینک کی رپورٹ بھی ہے کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہو گی،روپے کی قدر میں کمی کے معاملے میں پی ٹی آئی کا کوئی عمل دخل شامل نہیں اس کی وجہ ماضی کی حکومتوں کا دیا گیا خسارہ ہے۔ گندم، چینی، آٹا، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں بھی مافیا موجود ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراقتصادی امور حماداظہر نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مزید موثرکارروائی کی جائے گی،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو انتظامی ناکامی ہو گی، مافیا ایک یا دو اشخاص کا نام نہیں۔ گندم، چینی، آٹا، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں بھی مافیا موجود ہے۔ ہمارے اقدامات عوام کے سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں کمی کی کیونکہ ہمارے پاس فارن ریزور بہت کم رہ گئے تھے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا اگر نہ کرتے تو سرکولر ڈیٹ چار گنا سے بھی زیادہ ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جو خسارہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ملے اگر وہ ہمیں ملے ہوتے تو ہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے۔