اسلام آباد( آن لائن ) چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید86 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 724 ہوگئی ہے۔کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 34 ہزار 878 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔
جس میں سے6 ہزار106 کی حالت انتہائی نازک ہے جب کہ 2085 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔دنیا بھر کے 28 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں چین، جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملیشیاء ، جرمنی، تائیوان، ماکاؤ، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔چین کے کم سے کم دس صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے کم سے کم دس فروری تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا عندیہ دیا ہے۔فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر دی ہیں تاہم تمام ممالک اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کیلئے خصوصی پروازیں بھیج رہے ہیں۔