لاہور(این این آئی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کی غلطی بھارت کیلئے موت ثابت ہوگی ،نر یندر مودی صرف دھمکیاں دے رہا ہے وہ پاکستان کے 27فروری 2019کے منہ توڑ جواب کو بھولا نہیں اس لیے وہ پاکستان پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا ، کشمیری کنکریوں سے بھارت کے ٹینک اور بندوقوں کا مقابلہ کررہے ہیں کوئی شک نہیں کہ کشمیری بھائی
اور بہن پاکستان کی شہ رگ کو بچانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان حقیقی طور پر کشمیر یوں کے سفیر بن کر پوری دنیا میں انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ وہ لاہور پر یس کلب میں پی ایف یو جے، پی یو جے، لاہور پریس کلب اور ایمرا کے زیر اہتمام کشمیر سیمینار سے خطاب اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر حر یت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک ،لاہور پر یس کلب کے صدر ارشد انصاری ،سینئر صحافی سلمان غنی ،پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم ،سیکرٹری لاہور پر یس کلب بابرڈوگر اور نائب صدر قذافی بٹ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی شر یک ہوئی۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کشمیر کی مائوں بہنوں، بیٹیوں، بھائیوں اور بچوں کو جدوجہد آزادی کیلئے بھر پور پر امن جدوجہد کر نے پر خرا ج تحسین پیش کر تاہوں ۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں184روز کے کر فیو اور بھارت میں شہر یت کے متنازعہ قانون کی وجہ سے آج بھارت پوری دنیا میں ایکسپوز ہو چکا ہے اور آج پورے بھارت میں نریندرمودی کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے اور 5بھارتی ریاستوں نے نر یندرمودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے خلاف اسمبلیوں میں قرار دادیاں بھی منظور کر لی ہیں اور یورپی پارلیمنٹ میں پہلی بار بھارت کے خلاف اور کشمیر یوں کے حق میں6قراردادیں پیش ہوئیں ہیں اور دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اب بھارت کے
خلاف سفارتی محاذ پر جنگ کو مزید تیر کر رہا ہے جسکے تحت ہم پوری دنیا میں پار لیمانی سمیت دیگر وفود بجھوائیں گے اور کشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم اور بھارتی مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کے خلاف آواز بلند کر یں گے۔اُنہوں نے کہا کہ نریندر مودی صرف دھمکیاں دے رہا ہے
وہ کبھی پاکستان پر حملے کی غلطی نہیں کر ے گا پاکستان کے22کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور بھارت نے کسی بھی قسم کی جار حیت کی تواس کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا ہم کشمیری کی آزادی کیلئے بھی بڑی سے بڑی قر بانی دینے کو تیار ہیں۔ کشمیری لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی حکومت ،افواج اور سیاسی جماعتوں سمیت ہر پاکستانی کشمیر یوں کے
ساتھ کھڑا ہے مگر وقت آچکا ہے کہ ہم بھارت کے خلاف جدوجہد کو تیز کر یں جسکے لیے وزیر اعظم عمران خان اورگور نر پنجاب سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ بھارت کے مظالم کو بے نقاب کر نے کیلئے پوری دنیا میں وفود بجھوائیں اور مسئلہ کشمیر کے حل اور وہاں مظالم کے خاتمے کیلئے بھارت پر زیادہ سے زیادہ سفارتی دبائو ڈالا جائے مَیں نے اپنی زندگی کشمیر کیلئے وقف کر دی ہے
اور میں اس پر فخر کرتی ہو ں کہ میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی کیلئے ہر وقت جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے میرے شوہریاسین ملک پر بہت مظالم کیے اور انکو خاموش کروانے کی کوشش اور آفرز کیں مگر وہ کشمیر یوں کی آزادی کیلئے آج بھی ڈٹے ہوئے ہیں بھارت کشمیر کو منی ہندوستان میں تبدیل کر نے کا منصوبہ بنا رہا ہے پاکستان کشمیر کے حوالے سے
اب مزید ٹھوس پالیسی بنائے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کو حل کرانے کیلئے بھارت پر اب عالمی سطح بر دبائو ڈالا جائے پاکستان کا سب بڑا ایشو کشمیر سے بڑھ کر کوئی نہیں ہے اور ہر پاکستانی کشمیر یوں کے ساتھ ہے ۔اس موقعہ پر لاہور پر یس کلب کے صدر ارشد انصاری ،سینئر صحافی سلمان غنی ،پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم نے بھی کشمیر ی بہن بھائیوں کی آزادی کیلئے ہر جد وجہد میں بھر پور حصہ لینے کا عہد کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے اور دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا صحافی بھی کشمیر کی آزادی کیلئے ہر قر بانی دینے کو تیار ہیں۔