پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، اس حوالے سے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ ریلیف و آباد کاری نے کرونا وائرس کے خدشات اورخطرات کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، اس سلسلے میں محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایمرجنسی کا نفاذ
ایک ماہ کے لئے کیاگیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ اس اعلامیے میں کرونا وائرس کے خطرات سے محفوظ رہنے، تیاری اور رسپانس کے لئے انتظامات کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کے علاج کے لیے علیحدہ ہسپتال (پولیس اینڈ سروسز ہسپتال) بھی مختص کر دیا ہے۔ ہسپتال میں کرونا وائرس کے لیے نیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق سہولیات دی جائیں گی۔