اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے ماہ فروری کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری منظوری کے لئے وزارت خزانہ کو بھجوائی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے فروری میں بھی گزشتہ ماہ کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے
کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق رواں ماہ پٹرول کی قیمت 116 روپے 60 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 127 روپے 26 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل 84 روپے 51 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کا تیل کی قیمت 99 روپے 45 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 6 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 47 پیسے، مٹی کا تیل 66 پیسے او رلائٹ ڈیزل 1 روپیہ 10 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی۔