پشاور(این این آئی)ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے کہا ہے کہ ضلع مردان میں پہلی دفعہ عوام کو سرکاری نرخ پر گھر بیٹھے سبزی، پھل اوردیگر اشیائے خوردونوش بغیر کسی ڈیلیوری چارجز کے ڈیجیٹل سبزی اور پھل منڈی بہ تعاون ڈیلیوری کاکا اپلیکیشن کے ذریعے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے درشل سنٹر میں صوبے کی پہلی ڈیجیٹل سبزی پھل منڈی کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈیڈک چیئرمین ایم پی اے ملک شوکت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زنیک محمد، جان محمد، اسسٹنٹ کمشنرز مردان تخت بھائی مس گل بانو، مس صوبیا ضیاء، تاجر برادری کے مرکزی اور ضلعی عہدیدار ظاہر شاہ باچا اور احسان باچا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈیجیٹل سبزی پھل منڈی کے انچارج عباس پراچہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں یہ سکیم مردان کی چار یونین کونسلوں میں شروع کی گئی ہے جن میں محبت آباد، مسلم آباد، بغدادہ اور باغ ارم شامل ہیں جسکو بعد میں ضلع بھر کی تمام یونین کونسلز تک توسیع دی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے عوام کو سستا اور معیاری اشیائے خوردونوش، سبزی پھل وغیرہ ان کے گھر پر دستیا ب ہوں گی۔ جس سے بازاورں میں رش بھی کم ہوگا اور مہنگائی پر بھی قابو پالیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے کہا کہ ضلع مردان کے عوام کے لئے یہ ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ جس سے عوام فائدہ اٹھائیں اور مہنگائی سے چھٹکار ا حاصل کریں۔