اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ 1992-93ء میں لندن فلیٹس خریدے گئے اور شریف خاندان 1992-93ء سے ہی لندن فلیٹس میں رہائش پذیر ہیں۔ لیگی رہنما خواجہ آصف نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فردوس عاشق اعوان غیر منتخب ہیں، ان کے بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، انہوں نے دوران پروگرام کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف اختلاف پر کوئی بات نہیں کر سکتا جہاں پر دوستی ہو وہاں اختلافات بھی گہرے ہوتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ میری وفاداری مشروط نہیں، پارٹی میں کوئی کنفیوژن نہیں، پالیسی بڑی واضح ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مریم نواز لندن میں اپنے والد کے پاس جائیں، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا لندن جانے کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ لیگی رہنما خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ثابت ہوچکا ہے کہ لندن فلیٹس شریف خاندان کی ملکیت ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت کو شریف خاندان یہ ہی بتاتا رہا کہ یہ فلیٹس 2006ء میں خریدے گئے۔