لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بیرونی دوروں پر اے ٹی ایمزخرچ کررہے ہیں اوریہ کرپشن بائے پراکسی ہے،چینی بحران پر کرپشن کے پیسے عمران خان کی اے ٹی ایم میں گئے چوری نہیں کی تو تلاشی دیدیں اورآپ کو تلاشی دینا ہوگی،عامر کیانی بتائیں ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر پیسے کہاں گئے،ٹیکہ عمران خان کو لگتاہے تو حوریں نظر آتی ہیں لیکن عوام کو ٹیکہ لگتا تو گیس،آٹے اورچینی کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں عطا اللہ تارڑ اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تین وزراء نے آٹے، چینی اور اور ٹرانسپرنسی کا ایشو دبانے کیلئے پی آئی ڈی میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کی، عوام مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے گندا پراپیگنڈا کیاگیا،ہیلی کاپٹر عیاشی کیسے ہے اس کا جواب دیدیں،یہاں حکومتی لوگوں کی عیاشیاں نہیں بتائی جا سکتیں،آپ کی زبان میں ہی جواب دیاجائے گا، شہباز شریف نے سیلاب کے دنوں میں طیارہ استعمال کیا، ہم سے پوچھنے سے پہلے 55روپے والے ہیلی کاپٹر کا حساب دیں جس میں کتے بھی ساتھ جاتے ہیں،عمران خان نے عمرہ ادائیگی کے بعد خالی طیارہ واپس بھیجا تو اس میں بشری بی بی واپس آئیں،آپ کو دوروں کے اخراجات کے معاملے میں عدالت میں منہ کی کھانی پڑی۔گزشتہ مالی سال میں وزیر اعظم ہاؤس جو یونیورسٹی بنناتھی اس کے لئے ایک ارب 17کروڑ مانگے گئے،وزیر اعظم ہاؤس کی کاریں 27لاکھ روپے فروخت ہوئیں لیکن 34لاکھ روپے کے اشتہارات دئیے گئے،شہبازشریف نے سرکاری خرچ پر بیرونی دورے نہیں کئے جسے آج پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت تسلیم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری خزانے سے بنی گالہ اور زمان پارک میں گرڈ اسٹیشن قائم کیاگیا،ای ٹی ایم بیرونی دوروں پر خرچ کررہے ہیں یہ کرپشن بائے پراکسی ہے،اکرام سہگل کاکے الیکٹرک کی کرپشن میں نام آتا ہے،چینی بحران میں 155ارب روپے جہانگیر ترین کے اکاؤنٹ میں گئے،
موجودہ حکومت میں کفن سیٹ 2550روپے اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ 1200روپے میں ملے گا،چوری نہیں کی تو تلاشی دیدیں آپ کو تلاشی دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکمران اب جتنی مرضی کوشش کرلیں خاموش نہیں رہیں گے،ٹیکہ عمران خان کو لگتا ہے تو حوریں نظر آتی ہیں جب عوام کو ٹیکہ لگتا تو گیس،آٹے اورچینی کی قیمت بڑھ جاتی ہے،سب وزرا ء کو ٹیکے لگا دیں تاکہ ان کو مسئلہ نہ ہو، بیجنگ میں شیخ رشید کو شوگر مافیا نے دھمکیاں دیں کہ چینی پر بات نہ کریں،اب تمام باتوں کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ
بنی گالہ کی سٹرک پارٹی فنڈز سے بنوائی گئی الیکشن کمیشن سے اپیل کرتی ہوں کہ پارٹی فنڈز پر نوٹس لیں،پارٹی کے فنڈز سے 28لاکھ روپے سڑک پر کیسے خرچ ہوا،سلطنت عمرانیہ کو سوالات کے جوابات دینے ہیں، چیف الیکشن کمشنر قانون و آئین کو ملحوظ خاطر رکھ کر فارن فنڈنگ کیس پر نوٹس لیں تاکہ ان کے کچا چٹھاسامنے آئے۔ا نہوں نے کہا کہ کرپشن و احتساب کا نعرہ لگانے والوں کے بارے میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے پتہ چل گیا ہے کہ آپ کتنے کرپٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم چیف سیکرٹری اور آئی جی سے خاموشی سے ملتے ہیں اور وسیم اکرم پلس کو بلاتے بھی نہیں، اگر دم ہے تو میدان میں آؤ،بلدیاتی انتخابات میں آپ کو گلی محلوں میں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا،ہم آپ سے آٹے،چینی اورنوکریاں بکنے کا پوچھتے رہیں گے،جو ڈکیتیاں آپ پاکستان کی عوام سے کررہے ہیں گلی محلوں کے علاوہ ہر جگہ آپ سے پوچھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی بناکر ایوان وزیر اعلی کا دورہ کروائیں کہ کتنا سرکاری خزانے سے خرچ کیاگیا،وہاں سوا تین سو گاڑیاں استعمال ہو رہی ہے ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، درآمدی گندم سے ایک ارب روپے کا خسارہ ہوگا،جب پنجاب اور سندھ میں گندم کو کاٹا جارہاہے تو ہمارے کسان کو کیوں بدحال کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو پتہ ہے تو انکوائری کی جائے،عمران خان کو طلب کرکے پوچھا جائے کہ آٹا مافیا کے پیچھے کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی پوچھا جائے بی آر ٹی کو 90ارب تک کیسے پہنچایاگیا۔ا نہوں نے کہا کہ عامر کیانی کے ادویات کی قیمتوں کے معاملات،فیاض الحسن چوہان کے نمبروں،فیصل واڈا کی شہریت اور خسرو بختیار کی چینی کی فیکٹریوں کے معاملات کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، تحریک انصاف کا جوبھی امیدوار انتخابات میں ہارا اسے کسی نہ کسی اتھارٹی کا چیئرمین بنا دیا گیا، ایتھنل کیمیکل پر ہم نے ڈیوٹی لگائی لیکن اپنے لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے خسرو بختیار اور جہانگیر ترین نے ڈیوٹی ختم کروائی۔