کراچی(این این آئی)حکومتی اقدامات کے باوجود شہرقائد میں آٹا مقررہ قیمتوں پر نہیں مل رہا، منافع خوروں نے اپنے ریٹ مقرر کردیئے ہیں۔ حکومت نے عوام کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے،کراچی کے بیشترعلاقوں میں آٹا حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت ہونا محض خواب بن گیا ہے۔کراچی میں آٹا تاحال 70روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ فائن آٹا 65روپے اور چکی کا آٹا70 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔مہنگائی کے مارے شہریوں کا کہنا ہے کہ
اب گزارا نہیں ہوتا، کھانے میں روٹی کا استعمال کم کردیا ہے اس ہوشربا مہنگائی میں دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوچکا ہے۔شہریوں نے آٹے کے بحران سے پریشان ہو کر حکومت سے ریلیف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گھر کی ضرورت سے انتہائی کم آٹا دیا جا رہا ہے لہذا اس مسئلے کا جلد از جلد حل کیا جائے۔دوسری جانب کراچی میں چائے کے ہوٹل مالکان اپنے ہوٹل بند کرنے کا سوچ رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی، پتی اور دودھ سب مہنگا ہوگیا ہے۔