اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے عملی کردارادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے وعدے کو پورا کرے،162 دن سے زائد عرصہ سے مسلسل کرفیو ختم کرانے کے لئے بھارتی درندگی کے خلاف عملی اقدام اٹھایا جائے،سلامتی کونسل کے اجلاس نے جموں وکشمیر میں حالات معمول پر ہونے کا بھارتی پراپیگنڈہ دفن کردیا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر مسلمہ تنازعہ ہے، بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ سچائی بھارتی جھوٹ سے چھپ نہیں سکتی،عمران نیازی صاحب ٹویٹ کرنے سے آپ کی قومی مفادات کی نگہبانی میں ناکامی چھپ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کہ حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر کے اہم ترین قومی معاملے پر موثر سفارتکاری نہیں کرسکی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لئے اپنا کردار پوری قوت سے ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے چراغ کی لو کم نہیں ہونے دی،آزادی جموں وکشمیر کے عوام اور شکست بھارت کا مقدر ہے۔