لاہور/فیصل آباد( این این آئی)کنٹینراور ٹرالر ایسویسی ایشن نے مطالبات کے حق میں مسلسل ساتویں روز بھی ہڑتال جاری رکھی ،درآمدی اور برآمدی مال کی ترسیل نہ ہونے سے صنعتکار اور تاجر وں میں پریشانی کی شدید لہر دوڑ گئی ۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے صنعتکاروں کا اربوں روپے کا ایکسپورٹ کا مال روانہ نہ کیا جا سکا ۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈرائیوروں
کے لائسنس کا معاملہ حل ہونے اور ایکسل لوڈ پالیسی پرعملدرآمد تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی ۔ دوسری جانب گڈ ز ٹرانسپورٹ نہ چلنے کی وجہ سے برآمدی اور درآمدی سامان کی ترسیل کا تعطل کا شکار ہے ۔صنعتکاروں کا کہنا ہے ایک طرف تیار مال کی ترسیل نہ ہونے سے بڑے پیمانے پر نقصان کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب کروڑوں روپے کا درآمدی خام مال بھی کراچی سے ان تک نہیں پہنچ رہا جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔