تہران(این این آئی)ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر نے یوکرائنی مسافر بردار طیارے کی تباہی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونیکشن بریک ڈاؤن کی وجہ سے ایک میزائل آپریٹر نے یوکرائنی مسافر بردار طیارے کو کروز میزائل سمجھ کر نشانہ بنایا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی پاسدران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے کہا کہ کمیونیکشن بریک ڈاؤن‘ کی وجہ سے ایک میزائل آپریٹر نے یوکرائنی مسافر بردار طیارے کو کروز میزائل سمجھ کر تباہ کیا۔حاجی ذادے نے کہا کہ اس آپریٹر نے میزائل فائر کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے مشورہ نہیں کیا، جواتنے بڑے حادثے کا سبب بنا۔ ایرانی پاسداران انقلاب فورس کے ایئرو سپیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے کہا کہ آپریٹر نے بوئنگ 737 کو کروز میزائل سمجھ کر مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریٹر کے پاس صرف دس سکینڈ تھے کہ وہ فیصلہ کرتا کہ آیا اسے نشانہ بنانا ہے۔حاجی زادے نے کہاکہ متعدد سطحوں پر رپورٹ کیا گیا تھا کہ ملک کے خلاف کروز میزائل فائر کیے گئے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ معلومات آپریٹر تک پہنچی تھیں کہ جنگی صورتحال ہے اور اس نے (طیارے کو) کو کروز میزائل سمجھ کر فائر کھول دیا۔حاجی زادے نے کہا کہ اس آپریٹر کو کنٹرول روم سے رابطہ کر کے تصدیق کرنی چاہیے تھی۔ لیکن بظاہر کمیونکیشن نظام میں خلل پڑ گیا تھا اور وہ متعلقہ حکام سے رابطہ نہ کر سکا، اس کے پاس فیصلہ کرنے کے لیے صرف دس سکینڈ تھے اور بدقسمتی سے ان حالات میں اس نے یہ غلط فیصلہ کیا۔