تہران(اےایف پی) ایران نے 2015ء میں کئے گئے جوہری معاہدے سے مکمل طور پر دستبرداری کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا کہ ʼاب ایران جوہری معاہدے 2015 کی کسی شرائط کا پابند نہیں ۔ایرانی صدر حسن روحانی کی انتظامیہ نے کہا کہ ایران یورینیم کی افزودگی ذخیرہ شدہ افزودہ یورینیم کی مقدار کے ساتھ اپنی جوہری سرگرمیوں میں تحقیق و ترقی میں کسی بھی قسم
کی حدبندی نہیں رکھے گا۔تاہم یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ وہ اتنی جلدی یورینیم کی افزودگی کا پروگرام کیسے شروع کریں گے۔ایران کی غیر سرکاری خبررساں ایجنسی ’’تسنیم‘‘نے سوشل میڈیا پر پیغام لکھا کہ ایران نے 2015ءکے جوہری معاہدے میں اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹنے کے 5ویں اقدام کا اعلان کردیاہے۔اسلامی جمہوریہ اپنے آپریشنز محدود نہیں رکھے گی جن میں یورینیم کی صلاحیت‘ افزودگی کی حد، اس کی مقداراورتحقیق وترقی شامل ہیں۔