اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں میرٹ کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں ،2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا،اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رقوم سے ملک چلتا ہے اس لیے ہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خاص قدر کرنی چاہیے،قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کو انعام بھی دیں گے۔
منگل کو پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھجوانے کی اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رقوم سے ملک چلتا ہے اس لیے ہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خاص قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے، بیرون ملک سے قانونی ذرائع سے پیسے بھیجنے والوں کے لیے اسکیم تیار کی جارہی ہے، قانونی ذرائع سے پیسے بھیجنے والوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کی تجویز ہے جبکہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کو انعام بھی دیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا سب سے بڑا کام عوام کی زندگی آسان کرنا ہے، عوام کی خدمت کر کے ہی ملک کو عظیم بنایا جاسکتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مدینہ کی ریاست پہلے دن ہی نہیں بن جاتی، دنیا میں میرٹ پر قائم کیا گیا نظام کامیاب ہوتا ہے، ماضی کی حکومتیں عوام کی نہیں اپنی خدمت کرنے آئی تھیں، ملک میں میرٹ کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ 2020 پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عظیم ملک اس وقت بنیں گے جب ہماری حکومت اپنے عوام کے لیے کام کریں گے۔ ہمارے عوام فرسودہ نظام میں دبے ہوئے ہیں،
نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے،رواں سال عوام کے لیے نوکریاں پیدا کی جائیں گی،ہم غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام پرعمل درآمد کررہے ہیں، اب عوام کو پتہ چلے گا کہ حکومت ان کی خدمت کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے ایک بار پھر چین کی معاشی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین نے زبردست میرٹ کا نظام قائم کیا ہوا ہے اور اسی بنیاد پر لوگوں کو ترقیاں دی جاتی ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے نئے آئی جی کو ہدایت دی ہے کہ تھانے میں لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ ہم اپنی خدمت کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں اور یہی جمہوریت کی شان ہے۔