سلیکان ویلی( آن لائن )مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مشہور آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 7 کی ٹیکنیکل سپورٹ اور سسٹم اپ ڈیٹس کا سلسلہ 14 جنوری 2020 تک ختم کردیا جائے گا۔ مطلب یہ کہ اگر آپ قانونی طور پر ونڈوز 7 استعمال کررہے ہیں تو آپ کو اگلے سال 14 جنوری کے بعد ونڈوز کی جانب سے اپ ڈیٹس موصول نہیں ہوں گی۔البتہ، اگر آپ ونڈوز 7 کے تجارتی و کاروباری صارف
(کارپوریٹ کسٹمر) ہیں تو اضافی معاوضے پر آپ کو مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 7 کی سیکیورٹی اپ ڈیٹس موصول ہوتی رہیں گی۔واضح رہے کہ آن لائن سیکیورٹی کے حوالے سے دن بدن نت نئے خطرات سامنے آتے رہتے ہیں جن کا سامنا کرنے کے لیے باقاعدگی سے ونڈوز سیکیورٹی اپ ڈیٹس بالعموم ہفت روزہ بنیادوں پر پیش کی جاتی ہیں۔ونڈوز آپریٹنگ سسٹم ان اپ ڈیٹس کو ڈان لوڈ کرکے خود بخود انسٹال کرلیتا ہے۔ اگرچہ اپ ڈیٹس نہ ملنے کی صورت میں آپریٹنگ سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اس کی سیکیورٹی کو خطرات ضرور لاحق ہوسکتے ہیں۔یہ بھی بتاتے چلیں کہ ونڈوز ایکس پی مائیکرو سافٹ کا سب سے کامیاب آپریٹنگ سسٹم رہا، جو اگست 2001 میں لانچ کیا گیا اور اس کی سپورٹ 8 اپریل 2014 کو ختم کی گئی۔اس کے بعد 22 جولائی 2009 کو ونڈوز 7 آپریٹنگ سسٹم لانچ کیا گیا۔ اگرچہ یہ بھی بہت کامیاب رہا لیکن اس کی کامیابی کی شرح ونڈوز ایکس پی کے مقابلے میں کم تھی۔26 اکتوبر 2012 کو ونڈوز 8 بہت سے دعووں کے ساتھ لانچ کی گئی لیکن اسے مائیکرو سافٹ کی تاریخ میں ناکام ترین آپریٹنگ سسٹم قرار دیا جاسکتا ہے۔ شدید بحران کے بعد، بالآخر 29 جولائی 2015 کو مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 لانچ کردی جس میں سابقہ ورڑن کی بہت سی خامیاں دور کی گئی تھیں۔(ونڈوز 9 کبھی منظرِ عام پر نہیں آئی۔)آپریٹنگ سسٹم مارکیٹ کی موجودہ صورتِ حال یہ ہے کہ دنیا بھر کے تقریبا 89 فیصد لیپ ٹاپ/ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز میں مائیکرو سافٹ ہی کا کوئی نہ کوئی آپریٹنگ سسٹم استعمال ہورہا ہے۔ ونڈوز 10 اس میدان میں 50 فیصد پر جبکہ ونڈوز سیون آج بھی 30 فیصد پر ہے۔یہ بات دلچسپی سے پڑھی جائے گی۔