اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ گزشتہ تیرہ سال میں اندرونی قرضوں پر 11 ہزار 714 ارب روپے سود ادا کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں کہاکہ تیرہ سال میں بیرونی قرضوں پر 14 ارب 22 کروڑ ڈالر سود اداکیا گیا۔وزارت خزانہ نے کہاکہ 2007 سے 2012 کے دوران پیپلزپارٹی حکومت نے اندرونی قرضوں پر 3ہزار 18 ارب سود اداکیاگیا۔وزارت خزانہ کے مطابق اسی عرصہ میں بیرونی قرضوں پر 5 ارب 46 کروڑ ڈالر
سودادا کیا گیا۔تحریری جواب میں کہاگیاکہ مسلم لیگ ن کے دور میں اندرونی قرضوں پر6 ہزار 895 ارب روپے سود اداکیا۔وزارت خزانہ کے مطابق اس دور میں بیرونی قرضوں پر 6 ارب 66 کروڑ ڈالرکا سود اداکیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق 2019 میں اندرونی قرضوں پر ایک ہزار 821 ارب روپے سود دیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں بیرونی قرضوں پر 2 ارب 10 کروڑ ڈالر سود اداکیا گیا۔