اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں نجی شعبے کی شمولیت کیلئے پی ایس ڈی پی پلس متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی شراکت پر مبنی ’پی ایس ڈی پی پلس‘ منصوبے کا مقصد سماجی و معاشی ترقی کا عمل تیز کرنا ہے۔پی ایس ڈی پی پلس کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء سماجی و
معاشی ترقی اور معاشی عمل کی تیزی کا سبب بنتا ہے۔محدود حکومتی مالی وسائل کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کا حجم مطلوبہ مقدار سے کم رہتا ہے۔ اس قلت کو نجی شعبے کی شراکت سے بہ احسن پورا کیا جاسکتا ہے،ترقیاتی منصوبوں میں اضافے سے معاشی عمل تیز اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں،وزارتِ منصوبہ بندی کے تخمینوں کے مطابق 2738 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کے نتیجے میں جی ڈی پی کو 6.7 فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔