لاہور(این این آئی )چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواداحمد کا کہنا ہے کہ تبدیلی کے نام پرنااہلوں کی بادشاہت کا ملک پرراج ہے، عوام کے جمہوری جذبوں کو خوشحال، مستحکم اور باوقار پاکستان کی منزل ضرور ملے گی، 72 سالوں میں فوجی آمریتوں، بھٹو ،
شریفوں اور اب تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کی بہترین جغرافیائی، قدرتی اور انسانی صلاحیتوں کو پامال کیا جس سے ملک کو ناکامیوں، کشکول قرضوں، لوٹ مار، میرٹ کی پامالی،اقربا پروری، پسند و ناپسند اور اسٹیٹس کو کا تعفن زدہ نظام ملا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انھوں نے طالب علوں کے وفد سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹیریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ طلباء اور نوجوان ہی ہمارا مستقبل ہیں اور برابری پارٹی طلباء یونینز کے حوالے سے اپنایہی موقف دہراتی ہے کہ ان یونینز کو بحال ہونا چاہیے مگر طلباء کو سیاسی جماعتوں کے آلہ کار نہیں بننا،پی آئی سی واقعہ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے اس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے ۔حکومت مہنگائی اور امن و امان کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی۔ نوجوان طبقہ بے روز گاری کی وجہ سے جرائم کی دلدل میں دھنستا چلا جارہاہے،حالات یہ ہیں کہ آج 500روپے کمانے والا رکشہ ڈرائیور انتہائی کسمپر سی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔