کراچی(این این آئی)شہر قائد میں جعلی پولیس اہلکار بن لوٹ مار کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جعلی پولیس اہلکار بن کر لوٹ مار کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم ریٹائرڈ پولیس افسر کا بیٹا ہے، شہریوں پر داعش کا ساتھی ہونے کا الزام لگا
کر لوٹ مار کرتا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم حمزہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ 29 نومبر کو ملیر میں شہریوں کو داعش کی اطلاعات موصول ہونے کا کہہ کر روکا اور لوٹ مار کی۔ملزم حمزہ نے انکشاف کیا کہ واردات سے قبل دوست نے کار میں موجود پولیس کیپ پہننے کو کہا، دوران لوٹ مار ایک شہری نے خود کو رینجرز اہلکار ظاہر کیا تو ہم نے فائرنگ کردی۔پولیس کے مطابق ملزمان نے کار سوار شہریوں سے غیرملکی کرنسی سمیت دیگر سامان لوٹا ہے، گرفتارملزمان میں ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کا بنیادی ہدف زیادہ تر وہ لوگ ہوتے تھے جو بیرون ملک سے پاکستان آرہے ہوتے تھے۔پولیس حکام کے مطابق ڈکیتی کا نشانہ بننے والے شہری کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی جس کے بعد کارروائی کی گئی اور ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا گیا۔