اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی مہمند ایجنسی سے ایم پی اے عائشہ بی بی کو ڈی سیٹ کرنے کی درخواست خارج کردی ۔ جمعہ کو سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ وکیل مہرین آفریدی نے کہاکہ عائشہ بی بی الیکٹورل لیسٹ فائنل ہونے کے بعد
ووٹر بنایا گیا ،ووٹر لسٹ حتمی ہونے کے بعد ووٹر نہیں بنایا جا سکتا وکیل ۔مہرین آفریدی نے کہاکہ نیشنل ڈیٹا بیس لسٹ میں بھی مہرین بی بی کا نام شامل نہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ نیشنل ڈیٹا بیس اہم ہے یا لوکل ، رجسٹر۔انہوںنے کہاکہ اس کیس کا اثر کل ہر آ دمی پر ہو گا ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ نیا حلقہ اور پہلا الیکشن ہے کیا عدالت سخت موقف اپنا لے ؟ ایسے معاملات میں حوصلہ افزائی ہونی چاہیے نہ کہ حوصلہ شکنی ۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ ایک دن پہلے ووٹر بنے یا بعد میں کیا ہوتا ہے ۔ وکیل مہرین آفریدی نے کہاکہ حلقہ میں صوبائی انتخابات پہلی مرتبہ تھے قومی تو ہوتے رہے ۔ عائشہ بی بی نے کہاکہ میرے وکیل بیماری کے باعث پیش نہں ہو سکتے ۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ ایسے کیس ملتوی نہیں کریں گے ۔ڈی جی الیکشن کمیشن نے کہاکہ قانون کے مطابق عائشہ بی بی درست ووٹر ہیں ،16 اگست کو عائشہ بی بی نے درخواست دی اور ووٹر بنیں ،19 اگست کو الیکشن شیڈول جاری کیا گیا ۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی مہمند ایجنسی سے ایم پی اے عائشہ بی بی کو ڈی سیٹ کرنے کی درخواست خارج کردی۔