لاہور( این این آئی )پنجاب حکومت نے سول سیکرٹریٹ ملازمین کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا، یوٹیلٹی الائونس 100فیصد بڑھانے کا اعلان کر دیا گیا ۔ ، نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ 1تا8کا یوٹیلٹی الائونس 3ہزار سے بڑھا کر 6ہزار،گریڈ9تا14کا الائونس 4 ہزار سے بڑھا کر 8ہزار کرنے کی منظوری دیدی گئی ۔گریڈ 15کے ملازمین کا الائونس 5ہزار سے 10ہزار جبکہ گریڈ 16اور سپرنٹنڈنٹ گریڈ17 ملازمین کا الائونس 7ہزار سے بڑھا کر 14ہزار کرنے کی منظوری دیدی گئی ۔ الائونس میں اضافے کی سفارشات منظوری کیلئے
وزیراعلیٰ آفس بھیجی گئی تھیں ۔وزیر اعلی آفس کی جانب سمری کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کو ارسال کی گئی تھی جس نے 100فیصد اضافے کی سمری منظور کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔الائونس میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020سے سول سیکرٹریٹ ملازمین پر ہو گا۔الائونس میں اضافے کی مد میں رواں مالی سال میں 17کروڑ 32لاکھ 80ہزار جاری کئے جائینگے ۔کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کی منظوری کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔