لاہور( این این آئی )وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہنگامہ آرائی، ڈاکٹرزپرتشدد، گاڑیوں کوتوڑنے، علاج معالجہ کوزبردستی روکنے اورماحول تباہ کرنے والے مشتعل وکلاء کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔
یہ حکم وزیر صحت پنجاب نے چیف ایگزیکٹو پی آئی سی کے دفتر میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل احمداعوان،چیف ایگزیکٹو پی آئی سی ڈاکٹرثاقب شفیع اورایم ایس پی آئی سی ڈاکٹرامیربھی موجودتھے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مزیدکہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے ڈاکٹرزکے ساتھ کھڑے ہونے اورمشتعل وکلاء کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیاہے۔ مشتعل وکلاء نے پی آئی سی میں زبردستی گھس کرڈاکٹرزپرتشددکیا، گاڑیاں توڑیں اورعلاج معالجہ کوزبردستی روک دیا۔ کسی کوہسپتال میں جاری علاج معالجہ یا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ہم تشدد کا نشانہ بننے والے تمام ڈاکٹر زکے ساتھ کھڑے ہیں اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔