اسلام آباد (این این آئی) پاکستان کیلئے ایک اور اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ بین الااقوامی انگلش لینگوج ٹیسٹ، پیرسن ٹیسٹ آف انگلش کے سینٹر کا منگل کو اسلام آباد افتتاح ہوگیا۔ بلیو ایریا میں سینٹر کے افتتاح کے موقع پر پیرسن انٹرنیشنل کے نائب صدر ڈیرک رچرڈسن بھی موجود تھے۔
اس کے ساتھ ساتھ پیرسن انٹرنیشنل کے دیگر سینئر حکام اور مقامی عمائدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والی بین الاقوامی معروف کمپنی جے این ایس کی کاوشوں کی بدولت یہ امتحانی مرکز شروع کیا گیا ہے۔ مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے جے این ایس کے چیف ایگزیکٹو آفسیر محمد جمیل نے بتایا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر ہے۔ یہ سہولت 2012 میں امن وعامہ کی صورتحال کی وجہ سے ختم کر دی گئی تھی۔ اس سینٹر کے دوبارہ پاکستان میں کھلنے سے لاکھوں طلباء کو فائدہ ہوگا اس کے ساتھ ساتھ طلبا کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ جن طلبا کو ٹیسٹ دینے کیلئے دبئی، ترکی اور ملائیشیاء جانا پڑتا تھا یہ ٹیسٹ بین الاقوامی تعلیمی اداروں اور امیگریشن کیلئے دنیا بھر میں قابل قبول ہے۔ پاکستان میں اب امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور بین الاقوامی ادارے اب ملک میں دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں۔ اس سے بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا کیلئے آسانی اور فائدہ ہوگا۔ یہ ٹیسٹ بین الاقوامی اداروں کیلئے انتہائی قابل اعتبار جبکہ طلبا کیلئے جلد نتائج اور معیار کی وجہ سے مقبول ہے۔