واشنگٹن (این این آئی)امریکی ایف 16 فالکن لڑاکا طیارہ جنگی مشنوں میں اپنی اچھی ساکھ اور شاندار تاریخ کے لیے مشہور ہے۔ امریکی میگزین پاپولر میکینکس کے مطابق امریکی فضائیہ آخری سانس تک اس پر بھروسہ کرتی رہتی ہے۔ سال ہا سال سے اس میں ضروری تبدیلیاں لانے کے بعد اب اسے بغیر پائلٹ کے ڈرون میں تبدیل کرنے کی منزل بھی آگئی ہے۔ اب یہ طیارہ بغیر پائلٹ کے ڈرون جنگی جہاز کے طور پربھی کام کرسکتا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فضائیہ نے 2010ء میں ایف 16 کو کیو ایف 16 ڈرون میں تبدیل کرنے کے لیے کام شروع کیا۔ انگریزی کے حرف کیو سے مراد ایسا جنگی طیارہ جو خود کار طریقے سے جنگی مشن انجام دے اور اس میں پائلٹ کے ساتھ جانے کی ضرورت نہ ہو۔ ڈیوس ماؤنٹین بیس اسٹوریج یارڈ سے رواں سال 32 جنگی طیاروں کو ان میں تبدیلیوں کے بعد واپس میدان جنگ میں لایا گیا۔ ان میں سے بعض کو ڈرون میں تبدیل کیا گیا۔