مدینہ منورہ (این این آئی)مدینہ منورہ کی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ تاریخی مسجد قبلتین کے وسیع اور غیر مسبوق توسیعی منصوبے کا 15 فی صد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ توسیعی پروجیکٹ پر دن رات کام جاری ہے۔ توسیعی منصوبے مسجد تک رسائی کے لیے پیدل پل
مسجد کی گیلری، پارکنگ اسٹینڈ اور دیگر سرگرمیوں کے لیے ایک ہال کی تعمیر بھی شامل ہے۔مجموعی طور پر توسیعی منصوبے کے لیے 12ہزار 200 مربع میٹر کی جگہ مخٹص کی گئی ہے۔ اس میں 8100 مربع میٹر جگہ پل کے لیے مختص ہے۔ اس کے علاوہ وضو خانہ بھی توسیعی عمل کا حصہ ہے۔ مسجد قبلتین سے متصل پیدل آمدو رفت کے لیے تیار کیا جانے والا پْل مسجد کے مختلف مقامات سے مربوط ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ روز مدینہ منوری کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد قبلتین کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری توسیعی کام کا جائزہ لیا۔ مسجد قبلتین کا کل احاطہ 50 ہزار 200 مربع میٹر پرمشتمل ہے۔ توسیعی منصوبے کا مقصد مسجد قبلتین میں آنے والے نمازیوں اور زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور مسجد میں 4 ہزار نمازیوں کی با جماعت نماز کی گنجائش پید کرنا ہے۔شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد کی توسیع کے لیے کام کرنے والی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مسجد قبلتین کے تفصیلی تعارف کے لیے ایک جگہ مختص کریں تاکہ نئے آنے والے زائرین کو مسجد کی تاریخی اہمیت کا بھی اندازہ ہو سکے۔خیال رہے کہ مدینہ منورہ کی مسجد قبلتین وہ مسجد ہے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نماز کے دوران تحویل قبلہ کی وحی نازل کی گئی۔اس سے قبل مسلمان بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز ادا کرتے تھے۔