صنعاء(این این آئی)یمن کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے حضرموت میں چار سال سے بند الریان ہوائی اڈے سے گذشتہ روز فلائیٹ آپریشن بحال ہوگیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی الریان ہوائی اڈے پر بدھ کے روز چار سال بعد ایک مسافرپرواز اتری۔قبل ازیں حضرموت کے گورنر فرج البحسنی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہر کے ہوائی اڈے کو پروازوں کے لیے دوبارہ بحال کردیا گیا ہے اور پروازوں کی آمدو رفت شروع ہونے والی ہے۔الریان ہوائی اڈے کے ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز قاہرہ سے
آنے والے ایک یمنی طیارے کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے الریان ہوائی اڈے پراترنے کی اجازت دی گئی۔گذشتہ جمعرات کو یمن کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے الریان بین الاقوامی ہوائی اڈے کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔خیال رہے کہ اس ہوائی اڈے کو سنہ 2015ء میں القاعدہ کے اس پر قبضے کے بعد بند کردیا گیا تھا۔ سنہ 2016ء میں یمنی حکومت اور اس کی حامی عرب فوج نے ملک کر اس ہوائی اڈے کو دہشت گردوں سے بازیاب کرلیا تھا مگر اس پر پروازوں کی آمد ورفت بند کردی گئی تھی۔