ریاض(این این آئی )خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قومی تاریخ کو نصاب تعلیم میں شامل کرنے کی کوششوں کوسراہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے مملکت میں تعلیم کی طرف توجہ دینے ، عوامی تعلیم میں کنگ عبد العزیز فاؤنڈیشن برائے سوشل اسٹڈیز کورسز کو شامل کرنے، تعلیم کی ترقی وزارت تعلیم کے تعاون سے قومی تاریخ کو یونیورسٹیوں کے نصابی تعلیم میں شامل کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ جدید قومی تاریخ کو نصاب تعلیم میں شامل کرنے سے ملک کے تاریخی ورثے کے تحفظ میں مدد ملے گی۔محکمہ
تعلیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کے دوران شاہ سلمان نے قومی تاریخ کو نصاب میں شامل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقعے پر ایجنڈے میں شامل دیگرموضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد تعلیمی شعبے کو مزید فعال بنانے کیلئے متعدد فیصلے کیے گئے۔ ان میں سعودی تاریخ کو ڈیجیٹل مواد میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی شامل ہے۔کونسل نے شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے زیراہتمام قومی تاریخی مطالعہ و ترقی اقدام کے نفاذ کی منظوری بھی دی ، جس کا مقصد سعودی تاریخ کو سکول کے نصابی تعلیم میں شامل کرنا ہے۔