کراچی( آن لائن )پاکستانی اداکار علی رحمان خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں وہ ایک ریسٹورنٹ میں کھڑے ہو کر ملازم سے تلخ کلامی کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ علی رحمان نے ملازم سے تلخ کلامی کرتے ہوئے بار بار یہی سوال کیا کہ آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں؟
کیا آپ نے کبھی مجھے ٹی وی پر دیکھا ہے ؟ آپ ایک ملازم ہیں اور آپ کا کام ہے میری بات ماننا، جس پر ملازم نے انہیں بارہا مسکراتے ہوئے کہا کہ سر آپ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں ، برائے مہربانی آپ ناراض نہ ہوں۔لیکن علی رحمان نے ایک نہ سنی اور انہوں نے ہاتھ میں پیسے لہراتے ہوئے ملازم سے اونچی آواز میں کہا کہ میں آپ کو پیسے دے رہا ہوں۔ اس ویڈیو میں بظاہر تو ایسا لگ رہا ہے کہ علی رحمان ریسٹورنٹ کے ملازم کی کسی بات پر برہم ہو گئے جس کی وجہ سے انہوں نے اونچی آواز میں بات کی ۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں صرف ایک طرفہ موقف پیش کیا گیا ، اس ویڈیو کے حوالے سے علی رحمان کا فی الوقت تو کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ، نہ ہی انہوں نے اپنی اس ویڈیو سے متعلق کوئی بیان جاری کیا لیکن سوشل میڈیا صارفین نے ان کا موقف جانے بغیر علی رحمان کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔